ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بجلی کے نرخوں میں اضافہ عوام کے زخموں پر نمک پاشی: کمارسوامی

بجلی کے نرخوں میں اضافہ عوام کے زخموں پر نمک پاشی: کمارسوامی

Fri, 06 Nov 2020 11:14:17    S.O. News Service

بنگلورو،6؍نومبر(ایس او نیوز)سابق وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمارسوامی نے ریاستی حکومت کی طرف سے بجلی کے نرخوں میں اضافہ کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہلے ہی کورونا وائرس اور مہنگائی سے بدحال عوام کے زخموں پر ریاست کی بی جے پی حکومت نے نمک پاشی کی ہے۔

انہوں نے حکومت کے اس فیصلہ پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی سب سے پہلی ذمہ داری ہے کہ غریب عوام کو جو پریشانی ہے اسے دور کرے۔ لیکن پریشانی کو دور کرنا تو دور حکومت اس پر اور بوجھ لادنے کے فیصلے لے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کورونا وائرس، طویل لاک ڈاؤن اورمعاشی بدحالی کے سبب کافی پریشان ہیں۔ لاکھوں افراد بے روز گار ہو چکے ہیں اور جن کے پاس روزگار ہے ان کے لئے آمدنی کے وسائل محدود ہو تے جا رہے ہیں، ایسے میں ریاسی حکومت کو انہوں نے مشورہ دیا ہے کہ بجلی کے نرخوں میں اضافے کے فیصلے کو حالات میں سدھار تک مؤخر رکھا جائے۔

کمارسوامی نے کہا کہ بجلی کی قیمت میں اضافہ کو کم از کم ایک سال کے لئے ملتوی کردیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن کا اثر ہر شعبے پر پڑاہے، تمام شعبہ جات مشکلات سے دوچار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے فی یونٹ 20پیسے سے 50پیسے تک مجموعی طور پر 40پیسے فی یونٹ کے اوسط سے اضافہ کیا ہے، اس سے عوام پر بھاری بوجھ پڑے گا۔ حکومت سے انہوں نے یہ مانگ دہرائی ہے کہ کم از کم ایک سال تک بجلی کی شرحوں میں اضافہ نہ کیا جائے۔


Share: